چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے سینئر وکلاء اور ریٹائرڈ ججوں نے ملاقات کی ہے۔
زمان پارک لاہور میں عمران خان نے سینئر وکلاء اور ریٹائرڈ ججوں سے ملاقات میں آئینی معاملات پر مشاورت کی۔
سابق جج صاحبان اور سینئر وکلاء شاہ محمود قریشی کی قیادت میں زمان پارک پہنچے۔
شاہ محمود قریشی نے ماہرین قانون سے عمران خان کی ملاقات سے متعلق کہا کہ پی ٹی آئی کا اولین مقصد آئین کی بالا دستی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینئر وکلا صاحبان کے ساتھ ایک اچھی نشست ہوئی، اپنے عدالتی نظام میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اپنے دور میں ہم نے بھرپور کوشش کی، ہمارے پاس بھرپور مینڈیٹ نہیں تھا، ہم مانگ تانگ کر حکومت کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج سینیئر وکلا اور ریٹائرڈ ججز کا وفد عمران خان سے ملا ہے، 297 ریٹائرڈ ججز نے بھی عمران خان سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ایسے ججز بھی تھے جو اینٹی کرپشن کے کیسز بھی دیکھتے رہے ہیں، ملاقات میں 11 سابق سیشن ججز اور نامور وکلا شامل تھے۔