سندھ کے صوبائی وزیرِ بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی جب بات کرتے ہیں تو پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہیں کیونکہ آصف زرداری نے انہیں وزیرِ اعظم نہیں بنایا تھا۔
ناصر حسین شاہ نے شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری انسان شناس ہیں، انہوں نے شاہ محمود قریشی کا چہرہ پڑھ کر سمجھ لیا تھا کہ ان میں وفا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آئین بنایا اور اس آئین کو اصل شکل میں بحال بھی کیا، یہ ہماری جمہوریت کے ساتھ کمٹمنٹ ہے۔
صوبائی وزیر ناصر شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اسمبلی تحلیل کر کے انتخابات مانگ رہے ہیں کیوں کہ انہوں نے بینچ فکس کی ہوئی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ اسمبلی تحلیل کر کے اور مطلب کے فیصلے لے کر عمران نیازی نے ملک کو خطرناک بحران کی جانب دھکیلنے کی کوشش کی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے مطالبہ کیا کہ عمران خان اور ان کے مختلف اداروں میں سہولت کاروں کے خلاف ٹرتھ کمیشن بنا کر ان پر غداری کے کیسز چلائے جائیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اس طرح کے سازشی لوگ اب ایکسپوز ہونے چاہئیں نہیں تو یہ ملک کو نقصان پہنچائیں گے۔
واضح رہے کہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ بھٹو کے نواسے نے بھٹو کے آئین پر حملے کا فیصلہ کر لیا ہے، جو آئین بھٹو نے بنایا وہ زرداریوں نے برباد کر دیا۔