بھکر کی داجل چیک پوسٹ پر گزشتہ روز کار سے برآمد ہونے والے اسلحہ کے بارے میں ڈی پی او بھکر محمد نوید نے اہم انکشافات کردیے۔
ڈی پی او بھکر محمد نوید کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان برآمد ہونے والے اسلحہ میں سے صرف 13 کے لائسنس ہی پیش کر سکے۔
ملزمان نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ باقی 9 رائفل علی امین گنڈاپور کے ڈیرے سے لی گئی تھیں جو زمان پارک پہنچانی تھیں۔
ڈی پی او نے پریس کانفرنس میں یہ بھی بتایا کہ فراہم کردہ اسلحہ لائسنس بلوچستان سے جاری شدہ ہیں اُن کی تصدیق کی علاوہ برآمد ہونے والی رائفل بھی فارنزک لیب کو بھیجی جائیں گی، جبکہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ یہ اسلحہ زمان پارک کس مقصد کیلئے لے جایا جا رہا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے بھکر میں کار کی تلاشی کے دوران 2 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بھکر میں کار کی تلاشی کے دوران 22 رائفلز، میگزین اور گولیاں برآمد کی گئیں۔
گرفتار ملزمان کا کہنا تھا کہ وہ یہ اسلحہ علی امین گنڈاپور کی سیکیورٹی کیلئے لے کر جا رہے تھے۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کا اس سے متعلق کہنا تھا کہ سیکیورٹی کمپنی میری ہے نہ اسلحہ میرا ہے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ معاملے کو کیوں خوامخواہ مجھ سے منسلک کیا جا رہا ہے؟
ایف آئی آر میں نامزد اعجاز سیکیورٹی کمپنی کا چیف سیکیورٹی آفیسر ہے، میرا اسلحے سے کوئی تعلق نہیں۔