صوابی (نمائندہ جنگ ) ضلع صوابی کی پولیس نے بھاری تعداد میں منشیات اور چائنہ پٹاخے بر آمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈی پی او صوابی جاوید اقبال خان کی ہدایت پر ڈی ایس پی سرکل لاہور پشم گل خان کی قیادت میں ایس ایچ او تور ڈھیر منصف خان ،اے ایس آئی فاروق خان و دیگر نفری نے ناکہ بندی کے دوران ایک موٹر کار نمبری LEA-6115 سوزوکی مہران کو قابوپاکر دوران تلاشی اس کے خفیہ خانوں سے 3کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد کرکے سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی جبکہ مبینہ سمگلر جمشید ولد نور شادگل سکنہ باڑہ خیبر ایجنسی کو موقع پر گرفتار کر لیا جب کہ ایس ایچ او صوابی عجب خان دورانی نے گشت کے دوران عوامی شکایات پر شیر زمین،محمد شعیب اور وحید سکنہ گاڑ ڈھیری و ناڑومانیری سے مجموعی طور پر 303عدد مختلف قسم کے پٹاخے برآمد کرکے ان کو گرفتار کر لیا ۔