ایران کے سرکاری ٹی وی نے غیر اخلاقی منظر دکھائے جانے پر معافی مانگ لی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی سرکاری ٹی وی پر غیر ارادی طور پر ایک پرینک شو کی ریکارڈنگ کے دوران غیر اخلاقی منظر حادثاتی طور پر کیمرے میں محفوظ ہوگیا جوعدم توجہی کے سبب نشر بھی ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق اسلامی جمہوریہ کے زیر اہتمام چلنے والے سرکاری ٹی وی نیٹ ورکس پر مردوں اور عورتوں کے درمیان جسمانی رابطے کی نمائش پر پابندی عائد ہے۔
تاہم پرینک شو ریکارڈنگ کے دوران ایک پارک میں نصب خفیہ کیمرے میں، پارک میں موجود ایک لڑکا اور لڑکی کے غیر اخلاقی منظر، محفوظ ہوگئے جو سرکاری ٹی وی پر نشر بھی ہوگئے۔
تاہم اس نے اس وقت توجہ حاصل کی جب اس کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد سرکاری ٹی وی نے ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے اسے پروڈکشن ٹیم کی غفلت قرار دیتے ہوئے اس غلطی پر معافی مانگی لی۔
بیان میں ٹی وی انتظامیہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس غفلت کے ذمہ دار افراد کو کڑی سزا دی جائے گی۔