ضلع وہاڑی کی تحصیل بورے والا کے تھانہ صدر کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
نواحی گاؤں 148 ای بی کے قریب ملزم کے تین ساتھیوں نے اسے پولیس حراست سے چھڑوانے کے لئے پولیس گاڑی پر فائرنگ کی۔
فائرنگ کی زد میں آکر ملزم شہباز شدید زخمی ہو گیا جو کہ بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کا تعاقب جاری ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ڈی ایس پی بورے والا محمد عمر فاروق بلوچ کی سربراہی میں تھانہ صدر پولیس نے ملزم شہباز جو کہ نواحی گاؤں 146/ ای بی میں دوران ڈکیتی ماسٹر طالب حسین کے بیٹے شاہد محمود کے قتل کی واردات میں ملوث تھا۔
اس کے قتل اور ڈکیتی کا مقدمہ ان کے بیٹے طاہر محمود کی مدعیت میں درج تھا۔
پولیس نے ملزم کا سراغ لگا کر گرفتار کر لیا تھا، گزشتہ شب تھانہ صدر پولیس اسے دوران تفتیش ریکوری کے لئے لے جا رہی تھی کہ اس کے ساتھیوں نے اس کو چھڑانے کے لئے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے وہ زخمی ہو گیا اور ابتدائی طبی امداد ملنے سے قبل جاں بحق ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی محمد عمر فاروق بلوچ نے بھاری نفری کے ہمراہ فرار ہونے والے تینوں ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا ہے۔