• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹس سجاد علی شاہ جنہیں بینظیر بھٹو نے آئوٹ آف ٹرن چیف جسٹس بنایا تھا،ان کے وزیراعظم سے تعلقات بگڑنے لگے۔ حکومت آصف زرداری کے دوست آغا رفیق کو جج بناناچاہتی تھی جو سندھ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تھے۔چونکہ آغا رفیق 34ویں نمبرپر تھے اسلئے جسٹس سجاد علی شاہ یہ کڑوی گولی نگلنے سے گریزاں تھے ۔ جسٹس سجاد علی شاہ اس حوالے سے وزیراعظم بینظیر بھٹو سے ہونے والی ایک میٹنگ کا ذکر کرتے ہیں جس میں وزیر قانون این ڈی خان،وزیر مملکت برائے قانون رضا ربانی اور سیکریٹری قانون جسٹس شیخ ریاض موجود تھے۔ جسٹس سجاد علی شاہ اپنی سوانح حیات ’’law courts in a glass house‘‘ میں لکھتے ہیں ’’بینظیر نے کہا، اگر میں آغا رفیق کا نام ہائیکورٹ کے جج کے طور پر تجویز کروں تو کیا خیال ہے؟میں نے اپنا سابقہ موقف دہراتے ہوئے کہا کہ چونکہ میں خود جوڈیشل سروس سے ہوں اسلئے جوڈیشل سروس کے لوگ مجھ سے توقع کرتے ہیں کہ میں ہائیکورٹ کے جج تعینات کرتے وقت انہیں صحیح نمائندگی دوں اور منصفانہ سلوک کروں۔ آغا رفیق بہت جونیئر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہیں ان سے سینئر ججوں کو سپر سیڈ کرکے انہیں ہائیکورٹ میں نہیں لگایا جا سکتا۔‘‘

آغا رفیق بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے تجویز دی کہ وہ جوڈیشل سروس سے مستعفی ہو کر اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل یا پھر ڈپٹی اٹارنی جنرل بن جائیں اور کچھ عرصہ کام کریں تو بعدازاں انکا نام ہائیکورٹ کے جج کے طور پر زیر غور لایا جا سکتا ہے۔ا ٓغا رفیق کو یہ تجویز اچھی نہ لگی کیونکہ استعفیٰ دیکرہائیکورٹ کا جج بننے کی صورت میں آئندہ حکومت انہیں ہٹا دیتی تو وہ نہ ادھر کے رہتے نہ ادھر کے۔ میٹنگ ختم ہونے کو تھی کہ آصف زرداری اندر داخل ہوئے۔ جسٹس سعیدالزماں صدیقی کے مطابق آصف زرداری نے سجاد علی شاہ کو کہا ’’سالے تم کیسے جج بن گئے تھے، تم بھی تو جونیئر تھے۔‘‘ بینظیر نے جسٹس سجاد علی شاہ کے اعتراضات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ۔آغا رفیق احمد کو سندھ ہائیکورٹ کا جج تعینات کر دیا۔ حکومت سے تعلقات بگڑنے لگے تو جسٹس سجاد علی شاہ نے ’’الجہاد ٹرسٹ‘‘ کے بانی حبیب وہاب الخیری ایڈوکیٹ کی سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ حبیب وہاب الخیری نے اس سے پہلے لاہور ہائیکورٹ میں بھی متعدد درخواستیں دائر کر رکھی تھیں جن میں ایڈہاک ججوں کی تعیناتی کو چیلنج کیا گیا تھا اور خود چیف جسٹس، سجاد علی شاہ کی بطور چیف جسٹس تعیناتی پر بھی سوالات اُٹھائے گئے تھے۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے ججوں کی تعیناتی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کیلئے اپنی سربراہی میں لارجر بنچ تشکیل دیدیا۔ ابتدائی سماعت کے بعد ان درخواستوں کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے 5نومبر 1995ء کو اسلام آباد میں پانچ رُکنی لارجر بنچ کے روبرو فکس کردیا گیا۔ وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنانے کیلئے 20مارچ 1996ء کی تاریخ مقرر کردی گئی۔ فیصلہ آنے سے ایک دن پہلے وزارت قانون نے سندھ ہائیکورٹ کے 7جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے 10 ایڈہاک ججوں کو مستقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا اور ان ججوں نے حلف بھی اُٹھا لیا۔ مگر سب کی نظریں سپریم کورٹ کے فیصلے پر تھیں کیونکہ اگر ججوں کی تعیناتی کیلئے میرٹ اور سنیارٹی کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا اور ایڈہاک ازم کی حوصلہ شکنی کی جاتی تو خود چیف جسٹس سجاد علی شاہ بھی فارغ ہو جاتے کیونکہ وہ تین ججوں کو سپر سیڈ کرکے چیف جسٹس بنائے گئے تھے۔ یہ افواہیں بھی زیر گردش رہیں کہ حکومت نیا چیف جسٹس تعینات کرنے جا رہی ہے اور اس منصب کیلئے جہانگیر بدر کا نام زیر غور ہے۔20مارچ 1996ء کو سپریم کورٹ نے الجہاد ٹرسٹ کیس کا فیصلہ سنا دیا جسے ججز کیس بھی کہا جاتا ہے،اسے تاریخی فیصلہ قرار دیا گیا حالانکہ یہ امتیازی انصاف کی بدترین مثال ہے۔ جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں لارجر بنچ نے قرار دیا کہ ہائیکورٹس میں تو سینئر موسٹ جج کو چیف جسٹس بنانا آئینی تقاضا ہے مگر چیف جسٹس سپریم کورٹ پر اس اصول کا اطلاق نہ کیا گیا۔ اسی طرح کہا گیا کہ مستقل اسامیوں پر ایڈہاک جج تعینات کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے ۔قائم مقام چیف جسٹس کے پاس ،ججوں کی تعیناتی سے متعلق رائے دینے کا اختیار نہیں۔ آئین میں دی گئی اصطلاح Consultation کی تشریح یہ کی گئی کہ انتظامیہ چیف جسٹس کے مشورے پر عملدرآمد کرنے کی پابند ہے۔ جسٹس اجمل میاں اپنی کتاب ’’A judge speaks out‘‘میں لکھتے ہیں’’ میں نے جسٹس سجاد علی شاہ کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ جسٹس سعد سعود جان جن کے ریٹائر ہونے میں محض تین ماہ باقی ہیں ان کیساتھ ہونیوالی زیادتی کا کسی حد تک ازالہ ہو جائیگا اور آپ عدلیہ کی تاریخ میں ایک ایسے چیف جسٹس کے طور پر یاد رکھے جائینگے جنہوں نے اپنے خلاف فیصلہ تحریر کیا اور اس سے ہمارے فیصلے کی ساکھ میں بھی اضافہ ہوگا مگر جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ میں پیغمبر ابراہیم نہیں بننا چاہتا۔ میں نے تصیح کی کہ پیغمبر اسماعیل، پیغمبر ابراہیم کی مرضی پر نہیں بلکہ اللہ کی رضا پر قربان ہوئے۔‘‘ (جاری ہے)

تازہ ترین