پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہمیں جھکانے کے لیے سیاسی کیسز بنائے گئے ہیں، ہم نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ہے۔
اسلام آباد میں شاہ محمود قریشی نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہم قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک دو طبقوں میں تقسیم ہے، ایک طبقہ قانون و آئین کی حکمرانی کے لیے کوشش کر رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سیکریٹری فنانس عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور اب وہ رخصت پر چلے گئے ہیں، جو آئین و قانون کو سمجھتے ہیں وہ ان کے آلۂ کار نہیں بن رہے ہیں۔
انہوں نےمزید کہا کہ پراسیکیوشن نے اعتراف کیا ہے کہ میں موقع پر موجود ہی نہیں تھا، مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں نے لوگوں کو اکسایا۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پراسیکویشن نے الزام تو لگا دیا، ان کےپاس گواہ اور ثبوت نہیں ہیں۔