کراچی کے قریب بحیرۂ عرب میں کمزور سائیکلونک سرکولیشن کے زیرِ اثر آسماں پر بکھرے بکھرے حسین بادل موسم کی شدت کم کر رہے ہیں۔
آج تیز سمندری ہوائیں بھی چلتی رہیں گی جبکہ شہر کے مضافات میں مقامی سطح پر بننے والے بادل ہلکی بارش کا باعث بن سکتے ہیں۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق کراچی کا درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ شہر میں چلنے والی ہوا میں نمی کا تناسب زائد رہنے کا امکان ہے جس کے باعث درجۂ حرارت کی شدت 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ زائد محسوس کی جا سکتی ہے۔
جواد میمن نے بتایا ہے کہ سائیکلونک سرکولیشن آج کراچی کے قریب سمندر میں موجود ہے، جس سے ہوا کے کم دباؤ کے باعث ہواؤں کی رفتار تیز رہے گی اور ان کا رخ بدلتا رہے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ سائیکلونک سرکولیشن کے باعث کراچی کے مضافات میں بادل بن سکتے ہیں، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے کئی مقامات پر آج گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں۔
موسمیاتی تجزیہ کارجواد میمن نے یہ بھی بتایا ہے کہ کل تک کمزور ہوا کا کم دباؤ سندھ کی جانب بڑھے گا، جس کے باعث 2 سے 3 روز میں مقامی بادلوں کے باعث ہلکی سے معتدل بارش کا امکان رہے گا، جبکہ کراچی کے مضافات میں بھی بارش کا امکان رہے گا۔