اسلام آباد ہائی کورٹ نے عسکری اداروں کے افسران کے خلاف تقاریر کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے مدعیٔ مقدمہ اور پولیس کو نوٹس جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے مقدمے کے اخراج کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے مدعیٔ مقدمہ علاقہ مجسٹریٹ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
عدالتِ عالیہ میں عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے استدعا کی کہ آئندہ سماعت تک ایف آئی آر پر کارروائی یا عمل درآمد روک دیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے جواب دیا کہ نوٹس کر دیا ہے، جواب آنے دیں پھر دیکھ لیں گے۔
وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ دائرہ اختیار پر بات کرنا چاہوں گا، لاہور کے معاملے پر مقدمہ اسلام آباد میں درج ہو گیا، واقعہ کراچی میں ہوتا ہے اور پرچہ کہیں اور درج ہو جاتا ہے۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔