وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بڑے شہروں میں کم گنتی کے معاملے کو دیکھنے کےلیے طریقہ کار وضح کرنے کی ہدایت دے دی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر میں جاری مردم شماری کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزیر امین الحق، سیکریٹری پلاننگ، صوبائی چیف سیکریٹریز، چیف ادارہ شماریات نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بڑے شہروں میں کم گنتی کے معاملے کا جائزہ لینے کےلیے کمیٹی قائم کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس کے شرکاء کو چیف ادارہ شماریات نے ملک بھر میں فیلڈ آپریشن سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کیا۔
چیف ادارہ شماریات نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت فیلڈ آپریشن اب تک کامیابی سے جاری ہے۔
احسن اقبال نے دوران اجلاس ہدایت کی کہ کمیٹی بڑے شہروں میں کم گنتی کے معاملے کو دیکھنے کے لیے ایک طریقہ کار وضع کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے ایک شفاف اور قابل اعتماد فیلڈ آپریشن کو جلد مکمل کیا جائے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ سپارکو ملک بھر کی کچی آبادیوں کی شناخت کے لیے جیو ٹیگنگ کرے۔