• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے عید پر عمران خان کو اٹھانے کا منصوبہ بنایا ہے، پی ٹی آئی رہنما

سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکومت نے عید کی چھٹیوں کے دوران عمران خان کو اٹھانے کا منصوبہ بنایا ہے، یہ سب لندن پلان کا حصہ ہے۔ 

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علی زیدی کے دفتر میں دھاوا بولا گیا، سادہ لباس والے لوگ موجود تھے، یوں لگ رہا تھا جیسے کسی ڈاکو کو گرفتار کر رہے ہیں۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت نے مزید کارکنوں کو گرفتار کرنے کا ارادہ کیا ہے، ہر ہفتے کو کسی نہ کسی کو گرفتار کرتے ہیں، خود چور ہیں اور ہمیں اس طرح سے گرفتار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خود ان کے اوپر کئی 100 ارب کے کرپشن چارجز ہیں، رانا ثناء اللّٰہ کے کہنے پر یہ مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں فردوس شمیم نقوی اور آفتاب صدیقی نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

رہنما پی ٹی آئی آفتاب صدیقی نے کہا کہ علی زیدی کو 10 سال پرانے مقدمے میں اٹھایا گیا ہے، اگر کوئی کیس تھا تو انہیں عزت سے لے جاتے، ہر چیز کا طریقہ کار اور قانون ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کا طریقہ واردات ہے، ہفتہ کو اٹھاتے ہیں تاکہ کورٹ کے سامنےنہ لایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ علی زیدی پچھلے ایک مہینہ سے پریشان ہیں، ان کے سسر بیمار ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ علی زیدی کو سسر کی خدمت کرنے دی جائے، اگر آپ کو یہ ڈر ہے کہ وہ بھاگ جائیں گے تو ہم سب کو اٹھالیں، ہمیں جو نمبر ایف آئی آر میں دیا گیا وہ جعلی نمبر ہے۔

قومی خبریں سے مزید