پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنے اوپر قائم 121 مقدمات کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نگراں حکومت انتقامی کارروائیاں کررہی ہے، درخواست کے فیصلے تک عدالت درج مقدمات میں کارروائی روکنے کا حکم دے۔
درخواست میں سیکریٹری داخلہ، وزارت قانون، دفاع، سیکریٹری کیبنٹ ڈویژن کو بھی فریق بنایا گیا ہے، جبکہ چیف سیکریٹری، آئی جی پنجاب، اینٹی کرپشن، نیب اور ایف آئی اے کو بھی فریق بنایا ہے۔
عمران خان نے اپنی درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، پیمرا اور الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنایا ہے۔
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ملک میں مجھ پر121 ایف آئی آر درج کی گئیں، مقدمات کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں درج کیے گئے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے سپورٹرز کو نظر بند اور گرفتار کیا جا رہا ہے، نگران حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیاں کی گئیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے استدعا کی کہ درخواست کے فیصلے تک عدالت درج مقدمات میں کارروائی روکنے کا حکم دے، پہلے سے درج مقدمات میں تادیبی کارروائی سے روکا جائے، عدالت بغیر نوٹس فوجداری کارروائی کرنے سے روکنے کا حکم جاری کرے۔