چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دورانِ عدت نکاح کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ درخواست گزار نے تیسرے گواہ کا بیان عدالت میں قلم بند کرانے کی تیاری مکمل کر لی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کے سابقہ قریبی ساتھی عون چوہدری کیس میں بطور گواہ شامل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عون چوہدری کی بطور گواہ عدالت میں بیان قلم بند کرانے کے لیے درخواست تیار کر لی گئی ہے۔
عون چوہدری اپنا بیان کل یا اپنی دستیابی پر عدالت میں قلم بند کرائیں گے، ان کا بیان درخواست گزار کے وکیل رضوان عباسی قلم بند کرائیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سینئر سول جج نصر مِن اللّٰہ بلوچ کی عدالت میں عون چوہدری پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح خواں مفتی سعید اپنا بیان گزشتہ سماعت پر قلم بند کرا چکے ہیں۔
بشریٰ بی بی اور عمران خان کے نکاح میں عون چوہدری بطور گواہ شامل تھے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کل سینئر سول جج نصرمِن اللہ بلوچ کی عدالت میں مقرر ہے۔