ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے غیر شرعی نکاح کے خلاف کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
سینئر سول جج نصر من اللّٰہ نے گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مقدمے کی سماعت 28 اپریل تک ملتوی کی گئی تھی، تاہم درخواست گزار نے مقدمہ جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست دی۔
عدالت کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست منظور کرتے ہوئے گزشتہ روز 12 اپریل کو ہی سماعت کے لیے مقرر کیا گیا۔
تحریری حکم نامے میں عدالت کا کہنا ہے کہ سماعت کے دوران نکاح کے گواہ مفتی سعید کا بیان قلم بند کیا گیا، گواہ کا بیان مکمل ہونے کے بعد سماعت 19 اپریل تک ملتوی کی جاتی ہے۔
عدالت کا تحریری حکم نامےمیں یہ بھی کہنا ہے کہ اب 19 اپریل کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف درخواست پر ابتدائی دلائل ہوں گے۔