پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے قانون بننے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، کیونکہ سپریم کورٹ اس پر عملدرآمد سے پہلے ہی روک چکی ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل اب باقاعدہ قانون بن گیا ہے، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اس ضمن میں پرنٹنگ کارپوریشن کو گزٹ نوٹیفکیشن کا حکم دے دیا۔
بل کی منظوری کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق سپریم کورٹ پریکٹس اور پروسیجر بل اب قانون کی شکل میں نافذ ہو چکا ہے۔
بل کی منظوری کے بعد اپنے ردعمل میں فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بل کی منظوری یا ایکٹ بننے سے نہیں صرف عملدرآمد سے روکا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بل کے ایکٹ بننے سے عملی طور پر فرق اس وقت تک نہیں پڑ سکتا جب تک سپریم کورٹ عملدرآمد پر حکم امتناع ختم نہیں کردیتی۔