فیصل آباد ( نامہ نگار خصوصی ،خبر نگارخصوصی )ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے شیخوپورہ روڈ پر واسا کے زیراہتمام ڈرینج وسیوریج کے منصوبے پر عملدرآمد کی سست رفتارکانوٹس لے لیا اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ دودن کے اندرپراجیکٹ کی سست روی کی وجوہات،تازہ ترین صورت حال اور کام کی رفتار تیز کرنے سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔کمشنر نے اس مسئلے پرچیمبر آف کامرس کے مطالبے اورمیڈیا رپورٹس کے تناظر میں اجلاس طلب کیا جس میں سینئر نائب صدر چیمبر آف کامرس سید ضیاء علمدار و دیگر ممبران کے علاوہ ڈی جی ایف ڈی اے یاورحسین،ایڈیشنل ڈی جی عامر عزیز،قائمقام ایم ڈی واسا محمدخالد،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ یعقوب خاں،ڈی او پلاننگ مہر رمضان ،جنرل مینجر نیسپاک امجد سعیداور دیگر افسران موجود تھے۔ کمشنر نے شیخوپورہ روڈ سے پہاڑنگ ڈرین تک سٹارم واٹرچینل کی ری ماڈلنگ کے منصوبے کے باعث کھدائی اور ٹریفک جام سے عوامی مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس منصوبے کے تعمیراتی کام میں تعطل نہیں آنا چا ہئے اور تعمیراتی مراحل میں ٹریفک کے بہائو کے خصوصی اقدامات ناگزیر ہیں۔