آر پی او ملتان کا کہنا ہے کہ ملتان میں 2 نوجوانوں کا فائرنگ سے قتل پولیس ملازمین کا ذاتی فعل تھا، جس کا سخت حساب لیا جائے گا۔
جاری کیے گئے بیان میں آر پی او ملتان کا کہنا ہے کہ ملتان میں پولیس کی فائرنگ سے 2 نوجوانوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہےکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جاں بحق نوجوانوں کے والدین سے تعزیت کرتے ہیں۔
آر پی او ملتان نے یہ بھی کہا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب ملتان کی شاہ رکنِ عالم کالونی میں پولیس کی فائرنگ سے 2 نوجوان جاں بحق اور 1 زخمی ہو گیا۔
3 نوجوان ہوٹل سے کھانا کھا کر گھر جا رہے تھے، پولیس نے اشارے پر نہ رُکنے کی وجہ سے ان پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں پر فائرنگ کرنے والا اہل کار فرار ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں نوجوان عثمان نویں جماعت کا طالب علم تھا، دونوں نوجوانوں کا کوئی کرمنل ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے۔
نوجوان عثمان کی والدہ نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا ہے کہ ان کے بیٹے عثمان کا آج نکاح ہونا تھا۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے دوسرے نوجوان سمیع اللّٰہ کی عمر 19 سال تھی۔