• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سازشی صرف پنجاب میں الیکشن کروانا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

فوٹو بشکریہ پی پی پی میڈیا سیل
فوٹو بشکریہ پی پی پی میڈیا سیل

وزیر خارجہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سازش کرنے والوں کی کوشش ہے کہ صرف پنجاب میں پہلے الیکشن کروایا جائے۔

نوڈیرو میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اداروں میں تقسیم نظر آرہی ہے۔ پارلیمان اور عدلیہ دونوں ایک دوسرے کے فیصلے نہیں مان رہے۔ 

وزیر خارجہ نے کہا کہ سازش کرنے والوں کو خبردار کرتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں، قانون بننے سے پہلے ہی عدلیہ کہتی ہے کہ نہيں مانتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مخالفین اور اتحادیوں کو مذاکرات پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہيں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی مشکلات ہیں، بحران ہے، عام آدمی کی معاشی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سازش کرنیوالوں کی کوشش ہے کہ صوبہ پنجاب میں پہلے الیکشن کروائے جائیں۔ پنجاب کے الیکشن ہوگئے تو اس کا اثر باقی صوبوں پر رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کے الیکشن والوں کی سوچ مخصوص سیاست ہے۔ پیپلز پارٹی نے آئین اور صوبہ کےحقوق کے تحفظ کی جدوجہد کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آئیں ایسا حل نکالیں جس کا فائدہ پارلیمان، جوڈیشری کو بھی ہو۔

چیئرمین پیپلز پارٹیہ نے کہا کہ ایسا نہ ہو لڑائی سے جمہوریت، معیشت اور وفاق کو بھی نقصان ہو، آئیں بات چیت کے ذریعہ اپنے مسئلےحل کریں اور ملک کو بڑے نقصان سے بچالیں۔

قومی خبریں سے مزید