راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)ضلع راولپنڈی میں ہزاروں کی تعداد میں بلاک کھیوٹ اور ہزاروں انتقالات کے اندراج نہ ہونے پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود نے تمام تحصیلداروں کو ناقص کارکردگی پر نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کرلی ہے۔ جبکہ ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ذاتی طور پر لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے کام کی نگرانی کرکے30جون کی ڈیڈلائن تک کام مکمل کرائیں۔اس وقت بھی راولپنڈی ضلع کے27ہزار362کھیوٹ بلاک ہیں۔جبکہ 70ہزار 805انتقالات کا اندراج ہونا باقی ہے۔اور 10ہزار377انتقالات مسنگ ہیں۔ڈویژن بھر میں سب سے خراب صورتحال راولپنڈی ڈسٹرکٹ کی ہے۔ڈویژنل ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں اب تک57ہزار742کھیوٹ بلاک ہیں۔ایک لاکھ83ہزار463انتقالات کا کمپیوٹر ائزڈ اندراج باقی ہے۔جبکہ12ہزار65انتقالات گم شدہ ہیں۔ضلع جہلم میں943کھیوٹ بلاک ہیں۔25ہزار780انتقالات کا اندراج باقی ہے۔336انتقالات گم شدہ(مسنگ) ہیں۔ضلع اٹک میں16ہزار509کھیوٹ بلاک،38ہزار634انتقالات کا اندراج باقی اور 126انتقالات مسنگ ہیں۔ضلع چکوال میں12ہزار928کھیوٹ بلاک ہیں۔48 ہزار244انتقالات کا اندراج باقی اور 1226انتقالات گم شدہ ہیں۔ذرائع کے مطابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس میں ضلع راولپنڈی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام تحصیلداروں کو وضاحتی نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔اجلاس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے تمام اضلاع کے حکام پر واضح کیا کہ ہر صورت لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کا کام30جون تک مکمل کیا جائے۔ذرائع کے مطابق ڈیڈلائن تک کام مکمل نہ کرنے والے حکام کو اس کے نتائج بھگتنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔اور کہا گیا کہ جو حکام سستی اور کاہلی کررہے ہیں وہ اپنے آپ کو درست کرلیں۔