ٹھٹھہ میں چلیا کے مقام پر ٹرک اور وین کے تصادم میں جاں بحق ہونے والے مزید 3 افراد کی شناخت ہو گئی۔
ریسکیو حکام نے کہا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت نعمان، عبید عالم اور سیف اللّٰہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ حادثے میں جاں بحق دیگر 6 افراد کی شناخت پہلے ہی ہو چکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں عدنان، عبداللّٰہ، تسبع اللّٰہ، محمد فیصل، نور اللّٰہ اور قیصر شامل ہیں۔
دوسری جانب حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ حادثے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔
اہلخانہ نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی نماز جنازہ قذافی ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔
حادثے میں جاں بحق نعمان کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی اطلاع والدہ کے نمبر پر کسی نے دی، موقع پر پہنچے تو لوگوں نے بتایا گاڑی ٹرک کے ساتھ ٹکرائی۔
نعمان کے بھائی کا کہنا ہے کہ گاڑی ٹکرانے کے بعد پیچھے سے ڈمپر نے ٹکر ماری، ڈمپر کی ٹکر سے گاڑی مکمل تباہ ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ دو افراد کے چہرے ناقابل شناخت تھے، حادثے میں جاں بحق تمام افراد کی شناخت ہو گئی ہے، جاں بحق افراد کے لواحقین سرد خانے کے باہر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ ٹھٹھہ میں چلیا کے مقام پر ٹرک اور وین کے تصادم میں کراچی سے تعلق رکھنے والے 9 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
حادثے کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں سول اسپتال مکلی منتقل کی گئی تھیں اور بعد ازاں 6 افراد کی میتیں کراچی میں ورثاء کے حوالے کی گئی تھیں جبکہ 3 کی شناخت نہ ہونے کے باعث انہیں سرد خانے منتقل کر دیا گیا تھا۔