• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ میں پنجاب، خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی بحالی کی درخواست دائر

سپریم کورٹ آف پاکستان (ایس سی پی) میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کی بحالی کےلیے درخواست دائر کردی گئی۔

پاکستان عوامی لیگ کے چیئرمین ناصر محمود نے درخواست دائر کی اور سپریم کورٹ سے دونوں صوبوں کی اسمبلیاں بحال کرنے کی استدعا کی۔

درخواست میں صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی حکومت، اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف، الیکشن کمیشن ، عمران خان اور حکومتی جماعتوں کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ انتخابات کرانا لازم ہیں تو 21 ارب روپے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے لیے جائیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں غیر قانونی طریقے سے تحلیل ہوئیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ روز عمران خان نے بیان دیا کہ اسمبلیاں جنرل قمر جاوید باجوہ کے کہنے پر تحلیل کیں۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ غیر متعلقہ شخص کے کہنے پر اسمبلیاں تحلیل نہیں ہوسکتیں۔

درخواست گزار نے عدالت عظمیٰ میں دائر اپیل میں مؤقف اپنایا کہ ملکی معاشی حالت انتخابات کےلیے موزوں نہیں ہیں۔

اس میں یہ بھی ؤقف اپنایا گیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام نے 5 سال کےلیے نمائندے منتخب کیے تھے، اس کے باوجود اگر انتخابات ہر صورت کرانے ہیں تو اخراجات عمران خان خود ادا کریں۔

قومی خبریں سے مزید