حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی برجیس طاہر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو ججز کے نام خط لکھنے کی تجویز دے دی۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں برجیس طاہر نے کہا کہ اس ایوان کی توہین ہوئی ہے، ایوان کی قرار داد نہ ماننے والوں کے خلاف توہین پارلیمنٹ کی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ججوں کو پارلیمنٹ کی طرف سے خط لکھا جائے کہ اپنی حدود میں رہیں، انہیں کہا جائے کہ خدا کےلیے اختیارات سے تجاوز نہ کریں۔
ن لیگی رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ایوان کی طرف سے خط لکھا جائے خدا کےلیے ایوان کی تذلیل بند کریں، ان کو کہا جائے ہم استعفیٰ دیتے ہیں آپ یہاں آکر بیٹھ جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 19 اپریل کے حکم میں ایوان کے تقدس کو پامال کیا گیا، ہم الیکشن سے ڈرنے والے نہیں۔
برجیس طاہر نے یہ بھی کہا کہ کیا آپ مناسب سمجھتے ہیں کہ ان شخصیات کو یہاں بلائیں، کمیٹی نے ماضی میں فاروق لغاری کو بلایا تھا۔