• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الہٰی کے گھر پولیس آپریشن کیخلاف عدالت میں درخواست دائر

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پولیس آپریشن کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی

پولیس آپریشن کے خلاف چوہدری پرویز الہٰی کے بیٹے کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔

راسخ الہٰی کی درخواست میں پنجاب حکومت، اینٹی کرپشن اور آئی جی پنجاب کو فریق بتایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ گھر پر چھاپہ غیرقانونی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عدالت نے اینٹی کرپشن کے مقدمے میں 6 مئی تک ضمانت منظور کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس مقدمے کے علاوہ اگر کوئی ایف آئی آر درج ہے تو عدالت کے روبرو پیش کی جائے۔

راسخ الہٰی کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ظہور الہٰی روڈ کلیئر کرنے کا حکم دے اور پولیس کو ہٹنے کی ہدایت جاری کرے، عدالت حفاظتی ضمانت کی میعاد مکمل ہونے تک پرویز الہٰی کی گرفتاری روکنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اس حوالے سے عامر سعید راں ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت کے باوجود گرفتاری کی کوشش توہین عدالت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور توہین عدالت کی درخواستیں دائر کی جائیں گی۔

عامرسعید راں کا کہنا ہے کہ درخواست میں نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب، اینٹی کرپشن اور پولیس کو فریق بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چوہدری پرویز الہٰی کے گھر اینٹی کرپشن اور پولیس نے آپریشن  کیا تھا جو تقریباً 8 گھنٹے تک جاری رہا تھا۔

قومی خبریں سے مزید