وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی سے رابطہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے پرویز الہٰی کے گھر پر حملے، چادر چار دیواری کی پامالی پر اظہار افسوس کیا، شاہ محمود قریشی نے اسحاق ڈار کو پرویز الہٰی کے خاندان کے جذبات سے آگاہ کیا۔
پی ٹی آئی اعلامیے میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار کو پرویز الہٰی کے گھر غیر قانونی حملے پر تحریک انصاف کے جذبات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پرویز الہٰی کے گھر پر حملے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں، یہ کارروائی نگراں پنجاب حکومت کی جانب سے کی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے جذبات سے اپنی قیادت کو آگاہ کریں گے، اس سلسلے میں جلد تحریک انصاف سے دوبارہ رابطہ کریں گے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پرویز الہٰی کو بھی تحقیقاتی اداروں سے تعاون کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ اینٹی کرپشن حکام نے پنجاب پولیس کی معاونت سے گزشتہ رات 8 گھنٹے تک پی ٹی آئی کے صدر پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لیے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر آپریشن کیا۔
گھر کے اندر سے چھاپا مار ٹیم پر پتھراؤ کیا گیا، پولیس بکتر بند گاڑی کی ٹکر سے مرکزی گیٹ توڑ کر اور دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوئی۔
اینٹی کرپشن حکام پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے میں تو ناکام رہے تاہم 27 کے قریب افراد کو حراست میں لے لیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن حکام نے تھانا غالب مارکیٹ میں پرویز الہٰی سمیت 19 افراد کے خلاف دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت 13 دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کروادیا۔