راجہ زاہد اختر خانزادہ... ...ہیوسٹن میںمیئر کی جانب سے مسلمان کمیونٹی کے اعزاز میں سالانہ افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ،تقریب کا اہتمام سسٹر سٹی آف ہیوسٹن اور دیگر تنظیموں کے تعاون سے کیا گیا جس میں اسلامک سوسائٹی آف گرئیٹر ہیوسٹن بھی شامل تھی۔
اس موقع پرمئیر ہیوسٹن سیلو یسٹرٹرنر کا کہنا تھا کہ ہیوسٹن میں مقیم مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد ایک ہی جسم کے مختلف اعضاء کی طرح ہیں اور اگر جسم کے کسی بھی حصہ کو کسی بھی قسم کی کوئی تکلیف لاحق ہو تو یقیناً اس کا اثر ذہن اور دماغ پر ضرور پڑتا ہے،یہی حالت آج آپ کے شہر ہیوسٹن کی ہے جو جسم کی ہونے والی ان تکالیف کے باعث اپنے آپکو دماغی اور ذہنی طور پر تکلف میں مبتلا محسوس کر رہا ہے ۔
اس موقع پر میئر ہیوسٹن نے کہا کہ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے بین المذاہب کمیونٹی کے افراد کو مل کر ایک ساتھ آگے آنا ہو گا اور باہمی محبت اخوت اور بھائی چارے کیلئے ملکر کام کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ آج افطار ڈنر کے حوالے سے انہوں نے رسمی تقریر تحریر کر رکھی تھی لیکن میں اس کو پڑھنے کے بجائے میں آپ سے براہ راست اپنے خیالات کا اظہار کر رہا ہوں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہیوسٹن کی یہ خوبی ہے کہ یہ شہر عرصہ دراز سے تمام مذہب کے پیروکاروں کا شہر ہے ۔اس لیے ہمیں بھی مل جل کر انتہا پسندانہ سوچ کی مذمت کرتے ہوئے امن و محبت کا ایک دوسرے کو پیغام دینا ہو گا۔
افطار ڈنر میں 1500سے زائد افراد کے افطار کا بندوبست کیا گیا تھا جس کی تمام نشستیں پر ہو گئیں تھیں ۔افطار کے موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اس موقع پر کانگریس وومن اور امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرمین شیلہ جیکن لی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آج مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد اس ہال میںموجود ہیں ایسی نوعیت کی تقریبات کا سلسلہ منعقدہوتا رہنا چاہئے تاکہ تمام مذاہب کے افراد کو ایک ساتھ لایا جا سکے اور نفرتوں کی دیواروں کو گرایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ باکسر محمد علی کی تدفین میں بھی بین المذاہب اتحاد کا ماحول نظر آیا جبکہ باکسر محمد علی ایک عظیم انسان اور ایک عظیم مسلمان شخص تھے۔
اس موقع پر کانگریس مین الگرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اسلام سے محبت کرتا ہوں اور میری آج یہاں پر موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ مجھے اسلام سے محبت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام تو دنیا کا پر امن ترین مذہب ہے اور کسی بھی فرد واحد کی جانب سے کسی بھی قسم کے غلط اقدام کی سزا پورے مذہب کے ماننے والوں کو نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ گے اور لسبین کمیونٹی سے بھی وہ محبت کرتے ہیں اور یہ کمیونٹی انصاف کی مستحق ہے، افطار ڈنر تقریب کے پروگرام کی نظامت کے فرائض مولانا خلیل نے سر انجام دئیے۔اس موقع پر تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ،تلاوت کی سعادت امام نیبت نے حاصل کی جبکہ پاکستان نژاد امریکی طالبہ زارا خان نے امریکا کا قومی ترانہ پیش کیا ۔
تقریب میں پیرس کائونٹی کے جج ایڈالمپڈ ،ڈاکٹر ڈوگن اور افطار ڈنر کے کوآرڈی نیٹر سعید شیخ نے بھی خطاب کیا اور آنے والے افراد کا خیر مقدم کیا۔اس موقع پر ریاست ٹیکساس کے گورنر گریک اباٹ کے مسلمانوں کیلئے خصوصی پیغام بھی سنایا گیا۔شرکاء نے اتنی خوبصورت تقریب کے اہتمام پر منتظمین کی تعریف کی۔