• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس میں انتخابات ایک ہی دن کروانے کا مطالبہ

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی آل پارٹیز کانفرنس نے ملک بھر میں انتخابات ایک ہی دن کروانے کا مطالبہ کردیا۔

اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ تمام سیاسی جماعتیں مذاکرات سے انتخابات کی تاریخ کا تعین کریں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ انتخابات جب بھی ہوں، ملک بھر میں ایک ہی دن ہوں، سیاسی فیصلوں کی جگہ سیاسی جماعتیں اور پارلیمان ہے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ سیاسی فیصلے عدالتوں میں لے جانے سے عدالتی بحران جنم لے گا، عدالت کا کام آئین کی تشریح ہے، قانون سازی پارلیمان کا اختیار ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ سیاسی، عدالتی اور اقتصادی بحران نے غیر یقینی صورتحال پیدا کردی ہے، سیاست ختم ہوگی تو آئینی اور پارلیمانی بالادستی کو خطرات ہوں گے۔

اے پی سی کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق پارلیمانی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، عدالتی بحران اور سپریم کورٹ کی تقسیم انتہائی قابل افسوس ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ فل کورٹ کا نہ بننا، 63-اے پر آئین لکھنا اور تین چار کا فیصلہ نہ ماننا بحران کی بنیاد ہے، عدلیہ آئینی دائرہ اختیار میں رہ کر خود کو آئین کی تشریح تک محدود رکھے۔

 اے پی سی اعلامیے کے مطابق صوبائی خودمختاری کے خلاف سازش برداشت نہیں کی جائے گی، اٹھارویں آئینی ترمیم پر روح کے مطابق عمل درآمد کیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ ہوکر رہ گئی ہے، ایک نیا میثاق معیشت تشکیل دیا جائے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ جبری گمشدگی کے غیر انسانی اور غیر آئینی عمل کو ختم کیا جائے اور ساتھ ہی حالیہ مردم شماری پر موجود تحفظات کو دور کیا جائے۔

اعلامیے میں زور دیا گیا کہ دہشت گردوں کی آباد کاری سے سے دہشت گردی کی ایک نئی لہر نے جنم لیا، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ کرنے کے ذمہ داروں کا محاسبہ کیا جائے اور  دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ اور موثر کارروائی کی جائے۔

قومی خبریں سے مزید