وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) شازیہ مری سے عالمی بینک کے وفد نے ملاقات کی۔
عالمی بینک کے وفد کی قیادت بینک کی نائب صدر برائے انسانی ترقی ممتا مرتھی نے کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 90 لاکھ غریب خاندانوں کی مالی معاونت کی جا رہی ہے۔ بینظیر تعلیمی وظائف کے تحت کم آمدنی والے گھرانوں کے بچوں کو پرائمری تا ہائر سیکنڈری تعلیم کیلئے وظیفہ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفد کو بینظیر نشوونما پروگرام کے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ شازیہ مری نے غریب خاندانوں کی مدد کیلئے عالمی بینک کے تعاون کو بے حد سراہا۔
بعدازاں عالمی بینک کے وفد نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ون ونڈو سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ وفد نے مستحقین کی رجسٹریشن اور رقم کی ادائیگیوں کے طریقہ کار کا معائنہ کیا۔
وفد نے پروگرام کی شفافیت اور رقوم کی ادائیگی کے طریقہ کار کو بھی سراہا۔