پا ک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے چینی وزیرِ خارجہ کن گینگ نے آرمی ہاؤس راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے چین اور پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، سی پیک کے منصوبے کے لیے چین کی مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا۔
دورانِ ملاقات آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ سی پیک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک اہم جزو ہے۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔
ملاقات میں چینی وزیرِ خارجہ کن گینگ نے پاک چین دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا، سی پیک پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، سی پیک کی بر وقت تکمیل کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
ملاقات میں خطے میں سیکیورٹی کی ابھرتی ہوئی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں چین کے کردار کو تسلیم کیا۔
پاکستان اور چین نے مشترکہ سلامتی کے چیلنجز پر دفاعی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
چینی وزیرِ خارجہ کن گینگ کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات ایک مثبت نوٹ پر ختم ہوئی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے پاک چین درینہ دوستی کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔