پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو سیاست میں اپنی والدہ محترمہ بےنظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، ان کی سیاست میں شہید بےنظیر بھٹو کی سیاست نظر آتی ہے۔
محترمہ بےنظیر بھٹو شہید کی قیادت میں 35 برس تک پارٹی میں کام کرنے والے ان کے قریبی ساتھی اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی شکل میں پاکستان کو ایک بڑا لیڈر ملا ہے جس کی عقل اور سوچ بوجھ پاکستان کو دنیا میں ایک اعلیٰ مقام دلاسکتی ہے۔
آغا سراج درانی نے کہا کہ بھارت میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کا اصولی مؤقف اپنایا اور مسئلہ کشمیر پر حق اور سچ کی بات کر کے پاکستانی اور کشمیری عوام کے دل جیت لیے ہیں۔
اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ ملک میں بیٹھے سیاسی مخالفین بلاول بھٹو کے خلاف باتیں کر کے ملک دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں جس پر افسوس ہوتا ہے۔
آغا سراج درانی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کے خلاف تمام کیسز جھوٹ کی بنیاد پر اس لیے قائم کیے گئے ہیں کہ وہ پیپلز پارٹی اور آصف زرداری کا ساتھ چھوڑ دیں لیکن وہ کہنا چاہتے ہیں کہہ انہیں شہید محترمہ بےنظیر بھٹو سیاست میں لے کر آئی تھیں اور اب موت ہی انہیں پیپلز پارٹی سے الگ کر سکتی ہے۔