ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی گزشتہ روز تحریک انصاف کے پُرتشدد مظاہروں کے دوران شدید زخمی ہوگئے۔
علی ناصر رضوی کل رات پتھراؤ کے دوران زخمی ہوئے، ان کے چہرے اور ناک کی ہڈی فریکچر ہوئی۔
اسپتال ذرائع کے مطابق پتھراؤ سے علی ناصر رضوی کی ایک آنکھ متاثر ہوئی جس میں اندرونی زخم آیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا بتانا ہے کہ پروفیسر اسد اسلم اور ڈاکٹر خالد حمید نے علی ناصر کی آنکھ کا کامیاب آپریشن کیا۔
نگراں وزیرِ صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کی آنکھ کا کامیاب آپریشن ہوگیا، پتھر لگنے سے ان کی آنکھ متاثر ہوئی تھی۔
ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ 6 سے 8 ہفتوں بعد ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کی متاثرہ آنکھ کا جائزہ لیا جائے گا، فی الحال آنکھ کے پردے کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گزشتہ روز گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پُرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے تھے، اس دوران جلاؤ گھیراؤ اور نجی و سرکاری املاک کو نقصان بھی پہنچایا گیا تھا۔