تحریک انصاف نے عمران خان کی گرفتاری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرا دی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 9 مئی کا حکم آرٹیکل 10 اے کے خلاف ہے اور عدالت کا فیصلہ تضادات سے بھرپور ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کیے گئے، اسلام آباد ہائیکورٹ غیر قانونی حراست سے نکالنے میں ناکام رہی۔
سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کے جاری کردہ وارنٹ غیر قانونی ہیں، انکوائری کو تحقیقات میں بدلنے کے بعد نیب نے کوئی نوٹس جاری نہیں کیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جس 190 ملین پاؤنڈ کی کرپشن کا الزام ہے وہ سپریم کورٹ میں پہلے ہی جمع ہو چکے ہیں، حکومت جب چاہے 190 ملین پاؤنڈ کو کہیں بھی منتقل کر سکتی ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالتی حدود سے گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ کے کئی فیصلے موجود ہیں، میری زندگی کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف درخواست جمع کرائی ہے۔
واضح رہے کہ کل دوپہر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بائیو میٹرک کروانے کے لیے جیسے ہی اسلام آباد ہائی کورٹ کے متعلقہ آفس جانے لگے تو راستے میں انہیں رینجرز نے حراست میں لے لیا تھا۔