مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری پر عوام باہر نہیں نکلے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد پورے پاکستان میں کہیں بھی عوام باہر نہیں نکلے۔
انہوں نے کہا کہ صرف وہ تربیت یافتہ بلوائی باہر نکلے، جنہیں پچھلے کئی ماہ سے زمان پارک میں تخریب کاری کی تربیت دی جارہی تھی۔
ن لیگی چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ آج سامنے آنے والی آڈیوز سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ اس تخریب کاری کا منصوبہ عمران خان نے خود بنایا ہوا تھا۔
ان کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے وہ تنصیبات مارک کی ہوئی تھیں، جہاں عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں حملہ کیا جانا تھا۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ عوام نے بھی تحریک انصاف کے ان دہشت گردوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے اور کسی احتجاج کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کی تخریبی سیاست کے منہ پر بہت بڑا طمانچہ ہے، حکومت کو ان شرپسندوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتنی چاہیے۔