• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے اعتراف جرم کرلیا، عطا تارڑ کا دعویٰ

وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری قانونی طور پر عمل میں لائی گئی، قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں متعدد نوٹس جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اعتراف جرم کرلیا ہے، انہوں نے القادر ٹرسٹ سے متعلق کوئی جواب جمع نہیں کروایا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ عمران خان کی لوٹ مار کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔

ان کاکہنا تھا کہ پچاس پچاس کی ٹولیوں میں ہنگامہ آرائی کرنے والے مٹھی بھر لوگوں کے بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے رابطے ہیں۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں خوشیاں منائی گئیں کہ پی ٹی آئی والوں نے کور کمانڈر ہاؤس کو آگ لگادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو کچلنا مشکل کام نہیں، سب کی شناخت کرلی گئی ہے، کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ سب پر دہشت گردی کے مقدمات چلیں گے، کسی کو نوکری نہیں ملے گی، کریکٹر سرٹیفکیٹ نہیں ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب کسی نے پاکستان کے کسی ادارے کی طرف پیش قدمی کی تو نتائج کا ذمے دار خود ہوگا، ریاست اپنی رِٹ قائم کرے گی۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ یہ لوگ باز آجائیں ورنہ ایسی کارروائی ہوگی کہ ہوش ٹھکانے آجائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید