وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ صبح عمران خان کو تمام مقدمات میں ضمانت مل گئی تو ٹھیک، ورنہ آج پھر اسے گرفتار کریں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سہولت کاری ملک کے اعلیٰ مناصب پر بیٹھے ہوئے لوگ بھی کر رہے ہیں اور اس میں غیر ملکی کردار بھی ملوث ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اور مسرت چیمہ کی لیک شدہ آڈیو عمران خان کی گرفتاری کے بعد کی ہے، عمران نے کسی اہلکار سے فون لے کر بات کی ہوگی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے آج بھی وہی کیا جو الیکشن کیس میں کیا تھا، وہ معاملہ بھی ہائی کورٹ میں تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری پر بھی اسلام آباد ہائی کورٹ نے سولہ مئی کو جواب طلب کر رکھا تھا، بیچ میں سپریم کورٹ آگئی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ اس فتنے کو مائنس کرنے کے لیے عوام کی طاقت سے کوشش جاری رکھیں گے
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیال ہے کہ ایک آدھ روز میں انٹرنیٹ سروس بحال کر دی جائے گی۔