• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائی کورٹ: عمران خان کی پیر تک کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روک دیا گیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی پیر کی صبح تک کسی بھی مقدمہ میں گرفتاری سے روک دیا ہے۔

عدالت نے یہ ہدایت بھی کی کہ جس مقدمے کا علم نہ ہو اُس میں بھی گرفتار نہ کیا جائے۔

عدالت عالیہ اسلام آباد نے عمران خان کی ایم پی او کے تحت گرفتاری بھی پیر تک روک دی اور کہا کہ عمران خان کو کسی اور کرمنل کیس بھی پیر تک گرفتار نہ کیا جائے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ عمران خان کو کسی کرمنل کیس، 9 مئی کے بعد درج مقدمات، ایم پی او وغیرہ میں پیر تک گرفتار نہ کیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاہور کے 3 مقدمات میں عمران خان کی 10 روز کےلیے حفاظتی ضمانت منظور کی ہے۔

عدالت عالیہ اسلام آباد میں دہشت گردی کے مقدمات میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ اس موقع پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ میں کچھ حقائق عدالت کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی سے اب تک جتنے مقدمات درج ہوئے اس میں پروٹیکشن چاہیے، سرکاری مشینری کا بے دریغ غلط استعمال ہو رہا ہے۔

وکیل نے عدالت کے روبرو استدعا کی کہ زمان پارک لاہور پہنچنے تک میرے موکل عمران خان کو گرفتار نہ کیا جائے۔

عدالت نے کہا کہ پیر کی صبح تک آپ کو پروٹیکشن دے رہے ہیں، تب تک آپ لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوں، عمران خان کو اس دوران کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔

عدالت نے عمران خان کو اپنے کیسز کی حد تک معاونت کی ہدایت کی اور کہا کہ عمران خان کو پیر تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔

عدالت نے کہا کہ اس حکومت نے شیخ رشید کے خلاف بکا خیل میں مقدمہ درج کیا جبکہ آپ کی حکومت نے بھی جاوید لطیف اور دیگر پر مقدمہ کرائے تھے۔

قومی خبریں سے مزید