• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ جے شاہ نوجوان ہے اور وہ آئی سی سی کی سربراہی کا خواہشمند بھی ہے، انہیں مشورہ ہے کہ اگر لیڈر بننا ہے تو بڑے پن کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ جے شاہ کو آئی سی سی کی قیادت کرنا ہے تو اے سی سی کو تقسیم ہونے سے بچائیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو دھمکی نہیں دے رہے لیکن صورتحال کا منطقی حل پیش کررہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک مثبت تجویز پیش کردی ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم آسانی سے کہہ سکتے تھے کہ آپ نہیں آرہے تو ہم بھی نہیں جائیں گے، ہم نے کرکٹ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز پیش کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل میں تجویز پیش کی تو لوگوں نے اس کو بہتر سمجھا، مجھے صرف ایشیا کپ کی فکر نہیں، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کی بھی فکر ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارت میں ورلڈ کپ ہے، ہماری حکومت بھی وہاں جانے سے منع کرسکتی ہے، بھارت چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار کرکے وینیو شفٹ کرنے کو کہہ سکتا ہے، یوں انکار کرنے سے معاملات نہیں چل سکتے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کا دورہ نہیں کرسکتے، ہائبرڈ ماڈل بہتر حل ہے، ایشیا کپ، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی میں یہی تجویز قابل عمل ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے سے بھارت کے علاوہ کسی اور کو مسئلہ نہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید