• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی ایچ کیو حملے کے 26 ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا گیا

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ جی ایچ کیو حملے میں اب تک 76 افراد کو گرفتار کیا گیا، 17 مقدمات درج کیے، انہوں نے جی ایچ کیو حملے کے 26 ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔

اعلیٰ پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے کہا کہ مجموعی طور پر 264 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے  کہا کہ مظاہروں کے دوران راولپنڈی کے داخلی و خارجی راستے کھلے رہے، پُرتشدد مظاہروں کے دوران سب سے بڑا مسئلہ جی ایچ کیو گیٹ پر درپیش رہا، جی ایچ کیو گیٹ کو توڑا گیا وہاں جلاؤ گھیراؤ کیا گیا۔

خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کو مکمل تحقیقاتی عمل کے ذریعے شناخت کیا گیا، ہمارے تمام شواہد عدالت میں قابلِ قبول ہیں، مظاہروں کے دوران 80 کروڑ روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ تحقیقاتی عمل جاری ہے، ایس ایس پی انویسٹی گیشن تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی کر رہی ہیں، ہمارے دو ڈی ایس پیز اور ایک ایس ایچ او زخمی ہیں، پولیس کی 20 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پولیس تمام قانونی تقاضے پورے کر کے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے گی، پولیس کی جانب سے درج مقدمات میں نامزد لیڈر یا کارکنان کی گرفتاریوں کا عمل جاری ہے، تحقیقات میں جو چیزیں سامنے آ رہی ہیں ان کے مطابق پولیس اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران خالد ہمدانی نے کہا کہ مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

سی پی او راولپنڈی نے جی ایچ کیو حملے کے 26 ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے کہا کہ پُرتشدد مظاہروں کے دوران 25 کروڑ روپے کی سرکاری املاک کو نقصان پہنچا، مظاہرین نے ایس پی انڈسٹریل ایریا کے دفتر سمیت 12 گاڑیوں اور 34 موٹرسائیکل کو جلایا۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تھانہ ترنول، سنگجانی اور تھانہ رمنا پر مسلح مظاہرین حملہ آور ہوئے، 11 ایف سی اہلکار اور 71 پولیس افسران وجوان پرتشدد مظاہروں میں زخمی ہوئے۔

ترجمان نے کہا کہ شرپسند عناصر کے خلاف 26 مقدمات درج کیے گئے ہیں، اسلام آباد پولیس نے پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث 564 افراد کو حراست لیا، مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید