• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاستی رِٹ قائم رکھنا صرف حکومت کی ذمےداری نہیں، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج بھی زمان پارک دہشت گردوں کی پناہ گاہ بنا ہوا ہے، ریاستی رٹ قائم رکھنا صرف حکومت کی ذمے داری نہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے لوگوں کا اکسایا، یہ بری الذمہ نہیں ہوسکتے، شرپسندوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں کا دہشت گردوں کو گڈ ٹو سی یو کہنا، جرم کو بڑھاوا دینے کے مترادف ہے، 9 مئی کو عمران خان کی منصوبہ بندی کے تحت ان کے جتھوں نے حملے کیے، ایمبولینسز سے مریضوں کو نکال کر پھینکا گیا اور گاڑیاں جلائی گئیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان کے خود کے بیانات میں یہ احتجاج نہیں ملک دشمنی اور بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے پاکستان کے جھنڈے جلائے، ان ہی لوگوں نے ایمبولینسز، اسپتال، مویشی منڈیاں اور گاڑیاں جلائیں۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اسکول اور اسپتال جانے والوں کو تحفظ دے، ہمیں عوام کو تحفظ دینا آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری تنصیبات پر جو حملہ آور ہوئے ان پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، فوجی تنصیبات پر حملہ آوروں کے خلاف ملٹری ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جو جوان سرحدوں پر کھڑے ہیں، ان کی جذبات کو مجروح کیا گیا، عدالتوں کو بھی سوچنا پڑے گا کہ ریاست کی رٹ قائم رکھنا صرف حکومت کا کام نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی زمان پارک مسلح جھتوں اور دشمنوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، پنجاب حکومت نے 24 گھنٹوں کے اندر زمان پارک سے ملزمان کی حوالگی کا کہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مراد سعید کی آڈیوز موجود ہیں، جس میں کہا گیا کہ وہاں پہنچو جہاں کا کہا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم نواز شریف کو غلط فیصلے پر گھر بھیجا گیا، پوچھتی ہوں کونسا اسپتال اور اسکول جلا؟

وفاقی وزیر نے کہا کہ جب این سی اے کو جھوٹے بنڈل بھیج رہے تھے، اس وقت خیال نہ آیا کہ پیسے ضائع ہو رہے ہیں، 60 ارب روپے جرمانے میں ایڈجسٹ کرکے القادر ٹرسٹ کس قانون کے تحت اپنے اور اہلیہ کے نام پر بنایا؟

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ یہ انہوں نے نہیں کرایا اور وکلا رکھ کر عدالتوں میں ان لوگوں کی ضمانت کے کیسز سنے جارہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان واقعات پر ہمارے ہمسایہ ملک میں شادیانے بجائے گئے، جس نے 4 سال معیشت کو آگ لگائی اس کو ہاتھ نہیں لگایا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس شخص کو گڈ ٹو سی یو کہا جاتا ہے، یہ تماشا ختم کرنا ہوگا، قانون حرکت میں آئے گا اور ان لوگوں کا ٹرائل ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ جب ان کو ریلیف دے رہی تھی یہ لوگوں کو پیغام دے رہے تھے، عمران خان نے کہا مجھے گرفتار کیا تو اس سے زیادہ ردعمل آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لسٹ موجود ہے، جس کے تحت گرفتاریاں ہو رہی ہیں، کسی بے گناہ کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی جبکہ کسی ذمہ دار سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شرپسندوں نے عام آدمی کی سہولت میٹرو سروس کو بھی نقصان پہنچایا، ان کی خواتین پیٹرول بم کی تربیت لیتے پکڑی گئیں، پولیس والے ہمارے تحفظ کے لیے دن رات کھڑے رہتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید