پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بلوچستان کے رہنما سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ 3 سال سے میرا عمران خان سے رابطہ نہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں سردار یار محمد رند نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، ان واقعات کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی، ایسے واقعات نہیں ہونا چاہیے تھے۔
پی ٹی آئی بلوچستان کے رہنما نے مزید کہا کہ میں نے پی ٹی آئی چھوڑی نہیں ہے لیکن غیر فعال ہوں، 3 سال سے نہ میرا عمران خان سے رابطہ ہے، نہ انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا پارٹی میں ہونا نہ ہونا کوئی معنی نہیں رکھتا، میں نے پارٹی سے اس وقت لاتعلقی اختیار کی جب وہ حکومت میں تھی اور عروج پر بھی تھی۔
سردار یار محمد رند نے یہ بھی کہا کہ میں نے دو مرتبہ وزیراعظم کے معاون خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دیا۔
انہوں نے کہا کہ اب عمران خان سوچیں کہ انہیں پارٹی کے اندر کہاں سے نقصان پہنچایا گیا۔