پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کےلیے کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔
لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کےلیے کمیشن بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس جلانے کی کون مذمت نہیں کر رہا؟
عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین اور میری بہنوں نے لوگوں کو اندر جانے سے روکا، جو کچھ ہوا ہے اس پر تحقیقات بہت ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوں گے، سب کچھ سامنے آنا چاہیے تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ الیکشن پر ہر ایک سے بات کرنے کو تیار ہوں۔ نقصان ملک کا ہوا اور فائدہ پی ڈی ایم کو۔
عمران خان نے کہا کہ پہلے صاف شفاف انتخابات ہوں پھر مسائل حل ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ میرے ساتھ کسی کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک سال سے ان کی پارٹی ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جو چھوڑ کر جا رہے ہیں جانتا ہوں ان پر بڑا پریشر ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نگراں حکومت نے الیکشن کروانے کی بجائے قانون و آئین کو توڑا ہے۔