• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور، 2 میں فیصلہ محفوظ

فائل فوٹو/ٹوئٹر ویڈیو گریب
فائل فوٹو/ٹوئٹر ویڈیو گریب

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات کی سماعت آج دوبارہ شروع ہو گئی۔

عمران خان مقدمات مپں پیش ہونے کے لیے زمان پارک سے لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت پہنچ گئے۔


عمران کی 3 مقدمات میں ضمانت، 2 میں فیصلہ محفوظ

انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے زمان پارک جلاؤ گھیراؤ اور ظلِ شاہ قتل سمیت 2 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

عدالت کی جانب سے عمران خان کی ضمانتوں پر فیصلہ 2 جون کو سنایا جائے گا۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت لاہور نے قرار دیا کہ 2 جون کو پراسیکیوشن کے دلائل کے بعد فیصلہ سنایا جائے گا۔

عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 3 مقدمات میں عمران خان کی 2 جون تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے عمران خان کو شاملِ تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان صاحب! آپ 1، 1لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں، آپ نے تفتیش میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دینی۔

عمران خان نے جواب دیا کہ آپ فکر نہ کریں۔

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ جب یہ افسوس ناک واقعہ ہوا تو درخواست گزار گرفتار تھے، جیسے ہی پتہ چلا کہ یہ واقعہ ہوا ہے تو عمران خان نے شدید مذمت کی، 10 مئی کو عمران خان نیب کی تحویل میں تھے۔

عمران خان کی آج تک ضمانت منظور ہوئی تھی

گزشتہ سماعت کے موقع پر لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے عمران خان کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا تھا۔

عدالت نے عمران خان کی 2 مقدمات میں حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے آج (19 مئی) تک ان کی ضمانت منظور کر لی تھی۔

دورانِ سماعت عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا تھا کہ ہم ویڈیو لنک پر حاضری لگوانے کے لیے تیار ہیں، ہم ہر دوسرے روز عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا تھا کہ جب تک آپ کے پاس ضمانت ہے تب تک تو آپ گرفتار نہیں ہو سکتے، ضمانتیں دائر ہونے کے بعد عمران خان صرف 2 بار عدالت میں پیش ہوئے ہیں حالانکہ عدالت کا زمان پارک سے صرف 5 منٹ کا راستہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید