• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی رہنماؤں نے ہماری جماعت میں شمولیت کیلئے رابطہ کیا ہے، چوہدری شجاعت

پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے الگ ہونے والے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے لیے ہماری جماعت کے دروازے کھلے ہیں، لیکن صرف محب وطن لوگوں کو قبول کریں گے۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے لیے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان قوم کا فخر ہیں، ان شہدا کے خون کو ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ تحریک انصاف کے کئی رہنماؤں نے ہماری جماعت میں شمولیت کے لیے رابطہ کیا ہے، عنقریب بڑے نام ہماری جماعت میں شامل ہوتے نظر آئیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں سینئر مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ وہ آخر تک پرویز الہٰی کے تحریک انصاف میں جانے کے خلاف تھے۔ وہ اب بھی سمجھتے ہیں کہ یہ ایک غلط سیاسی فیصلہ تھا۔ تاہم وہ بطور جمہوری سیاستدان تحریک انصاف پر پابندی کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف انتہا پسندی کے راستے پر چلنے کے بجائے بات چیت کا راستہ اپنائے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ 9 مئی کو پاک فوج نے دانشمندی کا فیصلہ کرکے ملک کو بڑے خون خرابے سے بچایا ہے جس کا تحریک انصاف کے کارکنوں نے ناجائز فائدہ اٹھایا۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کے سیاسی و معاشی حالات کو سنبھالنے کے بعد حکومت الیکشن کی جانب جاسکتی ہے جس کے لیے ہم حکومت کی حمایت کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید