کراچی (این این آئی)سابق گورنر سندھ اور تحریکِ انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کو بھی کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8سے گرفتارکرلیا گیا ۔ عمران اسماعیل کو درخشاں تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ عمران اسماعیل کو ٹیپو سلطان اور فیروز آباد تھانوں میں درج مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔عمران اسماعیل کو کراچی شرقی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے‘ان کی گرفتاری انسدادِ دہشت گردی مقدمات میں کی گئی ہے۔ کراچی پولیس کے مطابق سابق گورنرشارعِ فیصل پر جلائو گھیرائو کے مقدمے میں نامزد ہیں۔ سابق گورنر سندھ کے خلاف رینجرز کی چوکی، جیل کی گاڑی، بس اور دیگر جلاو گھیراو کے مقدمات پہلے سے درج ہیں۔آن لائن کے مطابق عمران اسماعیل کے بھائی کا کہنا ہے کہ عمران اسماعیل کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔