اسلام آباد (جنگ رپورٹر ،این این آئی)جیل حکام نے شاہ محمود قریشی کے اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ،شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک نے کہاہے کہ اڈیالہ جیل حکام نے اہل خانہ کو شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ اپنے بیان میں بیرسٹر تیمور ملک نے کہاکہ شاہ محمود کی صاحبزادی گوہر بانو قریشی گھنٹوں انتظار کے بعد اپنے والد سے ملاقات کیے بغیر واپس لوٹ گئیں، انہوں نے کہاکہ شاہ محمود نے ایسے کسی بھی تحریری اقرارنامہ پر دستخط کرنے سے انکار کیا ہے جس سے ان کے سیاسی و جمہوری حقوق متاثر ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اطلاعات ہیں کہ شاہ محمود کو آج اٹک جیل منتقل کیا جا رہا ہے،شاہ محمود کو کسی اور جیل منتقل کرنا عدالتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو گی۔