کوئٹہ سے اسلام آباد کےلیے قومی ایئرلائنز پی آئی اے کی پرواز کا ٹیک آف فنی خرابی کی وجہ سے روکا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 326 نے دوپہر 12 بجکر 20 منٹ پر اسلام آباد کےلیے روانہ ہونا تھا۔
پرواز 39 منٹ کی تاخیر سے روانہ ہو رہی تھی اور ایئربس اے 320 طیارہ رن وے پر 194 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک گیا مگر پائلٹ نے اچانک ٹیک آف منسوخ کر دیا۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد کی پرواز نے رن وے پر کسی ٹرک یا گاڑی کے باعث پرواز مؤخر نہیں کی بلکہ پائلٹ نے کاکپٹ میں شیئر ونڈز یا تیز ہواؤں اور بریکس گرم ہونے کی نشاندہی یا وارننگ پر ٹیک آف مؤخر کیا۔
جہاز بغیر کسی مدد کے واپس اپنی پارکنگ تک پہنچا اور پارک ہوا۔
جہاز کی اگلی پرواز سی اے اے ایئر وردینیس کی جانب سے کلیئرنس سے مشروط ہے۔
مسافروں کو طیارے سے آف لوڈ کرکے لاؤنچ منتقل کر دیا گیا۔
آخری اطلاعات تک ایئربس اے 320 طیارہ کوئٹہ ایئرپورٹ پر موجود تھا۔
کوئٹہ ایئرپورٹ کے ذرائع نے اس اطلاع تردید کی ہے کہ پرواز پی کے 326 کے ٹیک آف کے دوران رن وے پر کوئی ٹرک آجانے کی وجہ سے طیارہ حادثے سے بال بال بچا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اگر ایسا ہوتا تو کچھ دیر بعد اس کا پتہ چل جانا چاہیے تھا مگر حقیقت میں خرابی کی وجہ سے پرواز کا ٹیک آف روکا گیا۔