• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 10 منتظمین کا یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ کے افتتاحی سیزن کا اعلان

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا

ابوظہبی ٹی 10 کے منتظمین ٹی ٹین گلوبل اسپورٹس کی جانب سے یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ کے افتتاحی سیزن کا اعلان کردیا گیا۔

یواے ای کے بعد اب امریکا کی سرزمین پر چوکوں چھکوں کی بہار دیکھنے کو ملے گی، امریکا میں مقیم کرکٹ کے دیوانوں کی دیرینہ خواہش پوری ہوگئی۔

دنیائے کرکٹ کے تیز ترین فارمیٹ ٹی 10 کے 6 کامیاب ایڈیشنز کے بعد اب امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس کے میدان ٹی 10لیگ سے آباد ہوں گے۔

امریکی شہر ڈیلاس میں اس حوالے سے یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ کے منتظمین کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی جس میں ٹی 10 گلوبل اسپورٹس کے چیئرمین نواب شاہ جی الملک، کوآرگنائزر امت پٹیل، پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق اور نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر کورے اینڈرسن شریک تھے۔

اس موقع پر امت پٹیل کا کہنا تھا کہ وہ اس تیز رفتار، دھماکا خیز کرکٹ فارمیٹ کو امریکا میں لانے کے لیے پُرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے پوری دنیا مداح موجود ہیں جو اپنے ہیروز کو دوبارہ میدان میں پرفارم کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ امریکا میں خاص طور پر اس عمر میں اس فارمیٹ کا حصہ بننا ایک اعزاز کی بات ہے، ہر کوئی چاہتا ہے کہ پرانے کھلاڑی دوبارہ کھیلیں اور انہیں یقین ہے کہ یو ایس ماسٹرز ٹی 10 کامیاب ہوگا۔

ٹی 10 گلوبل اسپورٹس کے چیئرمین نواب شاہ جی الملک نے کہا کہ ابوظہبی T10 کے چھ کامیاب ایڈیشنز اور آنے والی انڈین ماسٹرز لیگ کے بعد یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ کے افتتاحی ایڈیشن کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوش اور پُرجوش ہیں۔

T10 کی بنیاد 2017 میں فٹ بال جیسے تیز کھیل کے فارمیٹ کو لانے کے لیے رکھی گئی تھی، ہم اب 6 سال بعد امریکا میں ہیں۔

یو ایس ماسٹرز لیگ میں حسب روایت 6 ٹیمیں حصہ لیں گی، ٹی 10 یو ایس ماسٹرز لیگ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں منعقد ہوگی۔

لیگ کا اہتمام ایس اے ایم پی آرمی فرنچائز کے مالک رتیش پٹیل کی مدد سے کیا جارہا ہے، ایس اے ایم پی آرمی فرنچائز نے پچھلے سال ابوظہبی T10 میں حصہ لیا تھا، ان کی قیادت کپتان معین علی نے کی تھی۔

کرکٹ کے کھیل کو امریکی سامعین اور کرکٹ سے محبت کرنے والے تارکین وطن میں شامل کرنے کے لیے دیگر امریکی کھیل کے سپر اسٹارز بھی ٹیموں کی ملکیت میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔

باسکٹ بال کھلاڑی اور بروکلین نیٹ پوائنٹ گارڈ اسپینسر ڈینویڈی موریس ویل یونٹی اس فارمیٹ کا حصہ بن رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ یو ایس ماسٹرز T10 لیگ کا حصہ بننے اور شاجی الملک اور رتیش پٹیل کے ساتھ کام کرنے پر بہت پرجوش ہیں، جو کرکٹ کے اس بڑھتے ہوئے بین الاقوامی کھیل کو امریکا میں متعارف کروا رہے ہیں۔

نیشنل فٹ بال لیگ نیویارک جائنٹس ٹیم کے اسٹار فٹبالر لائن بیکر کیون تھیبوڈوکس نیویارک وارئیرز کا حصہ بننے جارہے ہیں۔

اس موقع پر یو ایس ٹی 10 کا لوگو بھی متعارف کرایا گیا، تقریب کو بھارتی اداکار ایلناز نوروزی اور پاروتی نائر اپنی پرفارمنس سے چار چاند لگادیے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید