پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اہم رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کے اعلانات کے بعد چیئرمین عمران خان کا بیان سامنے آگیا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اہم رہنماؤں کی جانب سے پارٹی کو خیرباد کے کہنے پر تبصرہ کیا۔
انہوں نے تحریر کیا کہ ہم نے پاکستان میں ”جبری شادیوں“ کے بارے میں تو سُن رکھا تھا مگر تحریک انصاف کےلیے ”جبری علیحدگیوں“ کا ایک نیا عجوبہ متعارف کروایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں تو اس پر بھی حیران ہوں کہ اس ملک سے انسانی حقوق کی تنظیمیں کہاں غائب ہو گئی ہیں۔
خیال رہے کہ آج پہلے سابق وفاقی انسانی حقوق وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری اور پھر انکے بعد سابق وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا۔
دونوں رہنماؤں نے 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ وہ سیاست سے ہی کنارہ کشی اختیار کر رہی ہیں اور مزید وقت اپنی بیٹی اور والدہ کو دیں گی۔
دوسری جانب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں لیکن بھرپور انداز میں سیاست کرتے رہیں گے۔