لاہور پولیس اور اینٹی کرپشن نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر، سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے مارے ہیں۔
پولیس نے سابق وزیرِ اعلیٰ کی گرفتاری کے سلسلے میں ایک نجی اسکول اور پرویز الہٰی کے ہمسائے کے گھر کی تلاشی لی ہے جو مکمل کر لی گئی۔
پولیس نے نجی اسکول اور چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ سے ملحقہ گھر میں ایک گھنٹے سے زائد سرچ آپریشن کیا۔
پولیس کو سرچنگ کے دوران پرویز الہٰی کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
پولیس کی نفری چوہدری پرویز الہٰی کے گھر کے باہر تا حال موجود ہے۔
پولیس نے پرویز الہٰی کی رہائش گاہ کی طرف آنے والے تمام راستے بھی بند کر رکھے ہیں۔
گزشتہ روز اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت خارج کر دی تھی۔
ضمانت خارج ہونے کے بعد گزشتہ روز پولیس پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے کے لیے لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع ان کے گھر ظہور الہٰی ہاؤس میں داخل ہو گئی تھی۔