پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس ظہور الہٰی ہاؤس میں داخل ہوگئی۔
پولیس پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے کےلیے لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع ان کے گھر ظہور الہٰی ہاؤس پہنچی۔
پولیس حکام گھر کے باہر کھڑے رہے، تاہم کچھ دیر بعد وہ ظہور الہٰی ہاؤس میں داخل ہوگئے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) صہیب اشرف اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) عمارہ شیرازی پرویز الہٰی کے گھر میں داخل ہونے والوں میں شامل تھے جبکہ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عمران احمر بھی پولیس افسران کے ساتھ تھے۔
دوسری جانب وکیل پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ 2 مئی تک جتنے مقدمات ہوئے ان میں پرویزالہٰی کی ضمانت کے آڈر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرچ وارنٹ نہ دکھانے پر گھر میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔آج اینٹی کرپشن کے مقدمے میں پرانی میڈیکل پر ضمانت منسوخ ہوئی ہے۔
پرویز الہٰی کے گھر کے اطراف ظہور الہٰی روڈ اور اس سے ملحقہ گلیاں ٹریفک کیلئے بند کردی گئیں۔
چوہدری پرویز الہٰی کے ترجمان اقبال چوہدری کا کہنا ہے کہ پرویزالہیٰ گھر پر موجود نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ آج اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت خارج کردی تھی۔
ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے مقدمے میں پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی۔
پرویز الہٰی کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ پرویز الہٰی کو سینے میں تکلیف ہے، عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے جبکہ پراسیکیوشن نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پرویز الہٰی کا میڈیکل جعلی ہے۔
واضح رہے کہ عدالت نے آج تک پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت منظور کر رکھی تھی۔